بنگلورو۔یکم اگست(عبد الحلیم منصور/ایس او نیوز) شہر کے کنکا پورہ مین روڈ پر ہنسے مارنہلی کے قریب زیورات چھین کر فرار ہونے والی ایک ٹولی کا تعاقب کرنے کیلئے نکلی نئی پولیس ہوئسلاکار کے شیشوں کو ان لٹیروں نے کل رات چکنا چور کردیا۔ زیورات چھیننے والوں کی ٹولی کے بارے میں معتبر اطلاع ملنے کے بعد کل رات پولیس کی یہ ارٹیگا کار کاویری نگر کے پاس جاکر رکی ، اس مرحلے میں چار حملہ آوروں نے اس کار پر بڑے بڑے پتھر پھینکے اور اس کے شیشے چکناچور کرکے فرار ہوگئے۔قریب ہی موجود پولیس کانسٹبل واسو دیو اور سنجے کمار نے جب ان لٹیروں کو پکڑنے کی کوشش کی تو یہ ٹولی ان پر بھی حملہ کرنے کی کوشش کرکے فرار ہوگئی۔ بنشنکری پولیس نے اس سلسلے میں سریش نامی ایک مجرم کو گرفتار کرلیا ہے اور باقی ملزمین کی تلاش کررہی ہے۔ اس دوران شہر میں زیورات چھیننے کی گینگوں کی مبینہ سرگرمیوں کی وجہ سے پولیس فورس کافی پریشان ہے۔ انہیں پکڑنے جانے والی پولیس پر ہی حملہ کرکے یہ ٹولی راہ فرار اختیار کرلینے سے عوام میں اور بھی خوف بڑھ گیا ہے۔ ان حملہ آوروں کی تلاش کیلئے ایک خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایاکہ جس وقت حملہ آوروں نے پولیس کی جیپ کو نشانہ بنایا ، اس وقت ان لوگوں کو پکڑنا تو دور کی بات پولیس والوں کی جان بچ گئی یہی غنیمت ہے۔ پولیس اس سلسلے میں مکمل تفصیلات یکجا کرنے میں لگی ہوئی ہے ،تاکہ جلد از جلد ان لٹیروں کو سلاخوں کے پیچھے کیاجاسکے۔